سمندری طوفان ماریا سے ڈومینیکا میں بڑے پیمانے پر تباہی، وزیراعظم کے گھر کی چھت بھی اڑ گئی

سمندری طوفان ماریا سے ڈومینیکا میں بڑے پیمانے پر تباہی، وزیراعظم کے گھر کی چھت بھی اڑ گئی

روزاﺅ: سمندری طوفان ماریا نے بحیرہ کیریبیئن میں واقع ریاست ڈومینیکا میں شدید تباہی پھیلائی ہے۔ یہ بات ڈومینیکا کے وزیراعظم روز ویلٹ سکیرِٹ نے اپنے فیس بک پیغام میں کہی ہے۔ وزیراعظم کے مطابق اب تک ڈومینیکا کے شہری ہر وہ چیز کھو چکے ہیں جسے پیسے سے خریدا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تقریباً ہر گھر کی چھتیں طوفان کے سبب اڑ گئی ہیں۔ ان میں ان کا اپنا گھر بھی شامل ہے۔

انہوں نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا ہے کہ شدید بارشوں کے سبب لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے۔ طوفانوں کے بارے میں خبردار کرنے والے امریکی مرکز نے ماریا نامی اس طوفان کی شدت اب کم کر کے چار کر دی ہے تاہم یہ ابھی تک انتہائی خطرناک ہے۔

یہ طوفان اب پورٹو ریکو اور ورجن آئی لینڈ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ادھر امریکی ریاست فلوریڈا میں آنے والے ارما سمندری طوفان کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 50 ہو گئی ہے۔طوفان کے باعث ابھی تک 3لاکھ 72 ہزار افراد بجلی سے محروم ہیں۔