وزیر اعظم اور کابینہ اراکین امریکہ ٗ بھارت کے بیانیے کی تصدیق کر رہے ہیں: مراد سعید

وزیر اعظم اور کابینہ اراکین امریکہ ٗ بھارت کے بیانیے کی تصدیق کر رہے ہیں: مراد سعید

اسلام آباد:تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور کابینہ اراکین کا یہ کہنا کہ پاکستان کواپنا گھر ٹھیک کرنا ہے ہرپہلواور زوایے سے امریکہ و بھارت کے بیانیے کی تصدیق کرتا ہے جس سے براہ راست ان ممالک کو فائدہ ہو رہا ہے۔


سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو خط میں انہوں نے لکھا ہے کہ میرے مکتوب کو تحریک التواء کا درجہ دے کر ایوان زیریں کا خصوصی اجلاس بلوایا جائے۔وزیر اعظم کو طلب کرکے ان سے انکے اور وزراء کے بیانات پر فوری وضاحت طلب کی جائے۔وزیر اعظم سے وضاحت طلب کی جائے کہ سول اور عسکری قیادت کے بیانیے میں تضاد کا آرزو مند کون ہے۔وزیر اعظم بتائیں دہشت گردی کے خلاف قوم اور عالمی دنیا انکی بات سنے یا آرمی چیف کا مؤقف تسلیم کرے۔وزیراعظم پاکستان سے ڈومورجبکہ آرمی چیف دنیا سے ڈومور کا تقاضا کررہے ہیں۔


مراد سعید نے یہ بھی لکھا کہ امریکی صدر کے بیان کے بعد دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیے کو تقسم کرنے اور مبہم بنانے کے پیچھے کیا منطق ہے۔ وزیراعظم اور انکے وزراء منقسم بیانیے سے کیا مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ستر ہزار جانوں کی قربانی اور ایک سو ارب ڈالرز کے نقصان کے بعد پاکستان کو اپنا گھر ٹھیک کرنے کیلئے مزید کیا کرنا چاہیے۔پہلے کشمیر اور اب افغانستان میں دراندازی کے بھارتی و افغان حکومتوں کے الزامات کو دنیا کیونکر نظر انداز کرے۔ وزیراعظم سے پوچھا جائے کہ ان کے اور کابینہ اراکین کے بیانات کا پس منظر کیا ہے؟