'نواز شریف کو سزا الیکشن سے باہر کرنا اور عمران کو کامیاب کرانا تھا'

'نواز شریف کو سزا الیکشن سے باہر کرنا اور عمران کو کامیاب کرانا تھا'
کیپشن: یہ نان پی سی او انصاف کی ایک جھلک ہے، احسن اقبال۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہےکہ نوازشریف کی سزا انہیں الیکشن سے باہر کرنا اور عمران کی جیت کے لیے راہ ہموار کرنا تھی۔

عدالتی فیصلے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نےکہا کہ نیب کا وہ فیصلہ جو انتقام پر مبنی تھا وہ معطل ہوا ہے۔ یہ ٹرائل اس لحاظ سے بے حد اہم ہے اور اس ٹرائل میں اگر پاکستان میں اندھا شخص تھا اسے بھی نظر آ گیا ہے ان مقدمات میں آئین ہے اور نہ قانون۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس میں صرف انتقام اور پری پول دھاندلی تھی جس کا مقصد نواز شریف کو انتخابی میدان سے باہر نکال کر عمران خان کی جعلی کامیابی کے لیے راہ ہموار کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے پر پاکستان کے عوام اور ملک بھر میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کو مبارکباد دیتا ہوں اور آج اللہ تعالیٰ نے (ن) لیگ کے کارکنان کی دعائیں قبول کی ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ یہ نان پی سی او انصاف کی ایک جھلک ہے۔ اس موقع پر خواجہ آصف نے کہا کہ عدالتی فیصلے پر اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے۔ آج انصاف کی فتح ہوئی ہے اور نواز شریف کے چاہنے والوں کو مبارکباد دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان سارے مقدمات میں نواز شریف، مریم نواز اور صفدر سرخروں ہوں گے اور انصاف کا بول بالا ہوگا۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اب جا کر نواز شریف کو جیل سے باہر لائیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے اپنے رد عمل میں کہا کہ شروع دن سے کہہ رہے ہیں کہ مقدمات میں جان نہیں اور انصاف ہوتے ہوتے دیر ہو گئی صرف سیاسی کیس بنائے گئے۔ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ ایک کیس پر پورے خاندان کوٹارگٹ کیا گیا۔