ایشیا کپ: بھارت کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ جاری

ایشیا کپ: بھارت کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ جاری
کیپشن: فوٹو بشکریہ آئی سی سی ٹوئٹر

دبئی: ایشیا کپ کے سب سے بڑے ٹاکرے میں پاکستان کی بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ جاری ہے۔


دبئی انٹرنیشنل اسیٹیڈیم میں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کانگ کانگ کے خلاف ففٹی اسکور کرنے والے امام الحق اور فخر زمان نے کیا لیکن تیسرے ہی اوور میں امام الحق دو رنز بنا کر بھونیشور کمار کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

بھونیشور کمار نے پانچویں اوور میں پاکستان کے دوسرے اوپنر فخر زمان کو بھی کیچ آؤٹ کرا دیا، فخر زمان 9 گیندوں کا سامنا کرنے کے باوجود اپنا کھاتا بھی نہ کھول سکے۔پاک بھارت میچ کے لیے شائقین کرکٹ بے تاب ہیں اور دونوں ٹیموں کے درمیان اچھے مقابلے کی توقع ہے، میچ کے ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہوچکے ہیں اور گراؤنڈ شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا ہے۔

بھارت کے خلاف آج کے میچ کے لیے قومی اسکواڈ میں فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، آصف علی، فہیم اشرف، شاداب خان، حسن علی، محمد عامر اور عثمان خان شنواری شامل ہیں۔

بھارتی ٹیم کپتان روہت شرما، شیکر دھون، امباتی روئیڈو، کیدر جادیو،  دنیش کارتھک، مہندرا سنگھ دھونی، ہاردک پانڈیا، کلدیپ یادیو،  یزویندرا چاہل، بھونیشور کمار اور جیسپرت بھمبرا پر مشتمل ہے۔