وزیراعظم 2 روزہ دورے پر آج سعودی عرب روانہ ہوں گے

وزیراعظم 2 روزہ دورے پر آج سعودی عرب روانہ ہوں گے
کیپشن: دورے میں پاک سعودی اقتصادی تعلقات مزید مضبوط کرنے پر بات ہو گی۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر آج سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے پہلے ہو گا۔

وزیراعظم سعودی قیادت سے مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیراعظم مسئلہ کشمیر پرسعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے مسلسل رابطے میں بھی ہیں۔

وزیراعظم کے دورے میں پاک سعودی اقتصادی تعلقات مزید مضبوط کرنے پر بات ہو گی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب سعودی تیل تنصیبات پر حملے کے بعد ایران کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہیں اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھ رہی ہے جبکہ امریکی وزیر خارجہ بھی سعودی عرب میں موجود ہیں۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سعودی عرب کا یہ چوتھا دورہ ہے۔