مظفر گڑھ، خاتون سے 7 افراد کی مبینہ اجتماعی زیادتی

 مظفر گڑھ، خاتون سے 7 افراد کی مبینہ اجتماعی زیادتی
زیادتی کا شکار بننے والی خاتون کو فرانزک ٹیسٹ کے لیے لاہور روانہ کر دیا گیا۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

مظفر گڑھ: مظفر گڑھ میں خاتون سے 7 افراد کی مبینہ اجتماعی زیادتی کی خبر نشر ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور 3 افراد کو گرفتار کر لیا۔میر حاجی میں ریحانہ بی بی نامی خاتون کو اس کے 2 سالہ بچے سمیت مبینہ طور پر اغواء کر لیا گیا تھا۔


خاتون نے الزام عائد کیا تھا کہ بعدازاں اسے شکار گاہ لے جا کر 7 افراد نے مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔میڈیا پر خبر آنے کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور رات گئے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر کیس کے مرکزی ملزم افضل سمیت مزید 3 افراد کو گرفتار کر لیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق مبینہ اجتماعی زیادتی کیس میں گرفتار ہونے والے افراد کی تعداد 4 ہو گئی ہے اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب زیادتی کا شکار بننے والی خاتون کو فرانزک ٹیسٹ کے لیے لاہور روانہ کر دیا گیا ہے۔