وزیراعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

 وزیراعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ وزیراعظم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کے سرکاری دورے پر گئے ہیں۔

مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ اورمعاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی ذوالفقاربخاری بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ جدہ کے رائل ٹرمینل پر گورنرمکہ نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سعودی قیادت سے مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیراعظم مسئلہ کشمیر پرسعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے مسلسل رابطے میں بھی ہیں۔ وزیراعظم کے دورے میں پاک سعودی اقتصادی تعلقات مزید مضبوط کرنے پر بات ہو گی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب سعودی تیل تنصیبات پر حملے کے بعد ایران کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہیں اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھ رہی ہے جبکہ امریکی وزیر خارجہ بھی سعودی عرب میں موجود ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سعودی عرب کا یہ چوتھا دورہ ہے۔