سری لنکن حکومت نے اپنی کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کی اجازت دیدی

سری لنکن حکومت نے اپنی کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کی اجازت دیدی

کولمبو:سری لنکا کی حکومت نے اپنی کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کی اجازت دے دی ہے۔سری لنکن ٹیم دورہ پاکستان کے دوران 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

 

سری لنکن میڈیا کے مطابق وزارت دفاع نے سری لنکن ٹیم کو دورہ پاکستان کی اجازت دے دی ہے ۔آئی لینڈرز 25ستمبر کو پاکستان پہنچیں گے جہاں 3ٹی ٹوئنٹی اور 3ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔

 

سسری لنکن کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم شیڈول کے مطابق جائے گی۔سیکرٹری موہن ڈی سلو نے کہا کہ حکومت کی جانب سے گرین سگنل مل گیا ہے، میں خود اور دیگر بورڈ عہدیدار بھی ٹیم کے ساتھ جائیں گے، سری لنکن ٹیم کو سربراہ مملکت کے برابر سیکیورٹی فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

 

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 27 ستمبر سے ہو رہا ہے، تاہم سری لنکا کے کچھ سینیئر کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستان آنے کے حوالے سے تحفظات کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔جب کہ ذرائع دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سری لنکن حکومت سے سیکیورٹی معاملات طے پا گئے ہیں اور سری لنکن ٹیم کو سربراہ مملکت والی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔