پنجاب میں سکولوں کے 32 بچوں میں کورونا کی تصدیق، 2 سکول سیل 

پنجاب میں سکولوں کے 32 بچوں میں کورونا کی تصدیق، 2 سکول سیل 

لاہور:پنجاب کے مختلف سکولوں کے 32بچوں اور 2ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جب کہ ننکانہ صاحب میں کورونا کیسز سامنے آنے پر دو اسکول سیل کردیے گئے۔

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق گوجرانوالہ میں 24طلبہ اور ننکانہ صاحب میں 7طلبہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ متاثرہ بچوں کے گھر والوں کے بھی ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔بھکر، لودھراں میں ایک ایک بچہ جب کہ 2 سکولزکے 2 ملازمین کورونا وائرس میں مبتلا پائے گئے، ننکانہ صاحب میں ایک سرکاری اور ایک نجی سکول سیل کردیا گیا۔

محکمہ صحت کے مطابق کورونا ٹیسٹنگ کے لیے 14746سرکاری، 1566 پرائیویٹ اسکولوں کے طلبہ کے نمونے لیے جاچکے ہیں، 2 سے زائد بچوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے پر سکول 5 دن سیل کردیا جائے گا۔

صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا ہے کہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کیلئے تمام ضروری انتظامات کیے جارہے ہیں، 50 فیصد بچے ایک دن اور 50فیصد اگلے روز اسکول آیا کریں گے۔

وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ پنجاب بھر میں جس بھی اسکول سے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کی شکایات ہوں گی انہیں فوری طور پر سیل کردیا جائے گا۔