لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرلیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزرا کے خلاف مقدمہ گرین ٹاؤن تھانے میں درج کیا گیا ہے ۔ مقدمہ میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف مذہبی معاملات پر غلط بیانی کر کے عوام کو اشتعال دلانے کا الزام عائد کیا گیا ہے ۔ مقدمہ جامعہ مسجد عائشہ صدیقہ باگڑیاں کے امام ارشاد الرحمن کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے ۔
اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی عطااللہ تارڑ نے کہا کہ عمران خان اور پرویز الہی نے مجھ پر جھوٹا مقدمہ بنایا ، پنجاب حکومت نے چوری اور لوٹ مار کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت زیادہ دیر تک چلنے والی نہیں ہے ، ان کے دن گنے جا چکے ہیں ۔ پی ٹی آئی ملک کے تین ٹکڑے کرنا چاہتی ہے ۔
ادھر ، لاہور کی سیشن عدالت نے عطاتارڑ کی عبوری ضمانت کنفرم کر دی ۔