عمران خان پاناما کا صدمہ برداشت کرنے کیلئے ورزش کر رہے ہیں، طلال چودھری

عمران خان پاناما کا صدمہ برداشت کرنے کیلئے ورزش کر رہے ہیں، طلال چودھری

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے ایک بار پھر اپنے مخالفین کو کھری کھری سُنا دیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپنی توپوں کا رخ عمران خان کی طرف کرتے ہوئے کہا کپتان پاناما کا صدمہ برداشت کرنے کیلئے بنی گالہ میں بھاگنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

طلال چودھری نے عمران خان کو مفت میں مشورہ بھی دے دیا۔ کہتے ہیں انسان کو جسمانی نہیں ذہنی طور پر تندرست ہونا چاہیے۔طلال چودھری نے کہا کیس تھا کہ وزیر اعظم کو کرپشن، منی لانڈرنگ، ٹیکس چوری پر نا اہل قرار دیا جائے لیکن عدالت میں نواز شریف نے اپنے مرحوم والد کا بھی حساب پیش کیا۔ 2 بجے کے بعد بھی اگر نواز شریف وزیراعظم رہے تو پھر باقی سب کیس فارغ ہیں۔ 

اس موقع پر دانیال عزیز نے کہا وزیراعظم اور انکا خاندان اس مؤقف پر ڈٹے رہا کہ ہم استثنا کا سہارا نہیں لیں گے۔ آج آپ وزیراعظم کی جانب سے کیا گیا وعدہ پورا ہوتے دیکھیں گے۔ تلاشی کی بات کرنے والے آج سر جھکائے ہوئے ہیں کیونکہ تحریک انصاف کی قیادت خود ٹیکس چور ہے۔

عابد شیر علی بھی سپریم کورٹ کے باہر مخالفین پر خوب گرجے برسے اور کہا یہ طوطا چشم لوگ روزانہ حکومت گرا کر سوتے ہیں۔ عدالت عظمیٰ اخباری تراشوں پر فیصلے نہیں کرتی۔

ان کا مزید کہنا تھا اگر کرپشن کا ایوارڈ ملے گا تو اس کے پہلے حقدار سابق صدر آصف علی زرداری ہونگے۔ کئی ماہ سے ملک میں جھوٹ کی سیاست کا طوفان برپا کیا ہوا ہے جبکہ کرپشن کرنے والوں کو سونے کا تاج پہنایا جا رہا ہے۔ جب بھی نواز شریف کی حکومت آتی ہے مخالفین سے ملکی ترقی برداشت نہیں ہوتی۔

 ادھر وزیر مملکت مریم اورنگزیب کا کہنا ہے وزیر اعظم نواز شریف پاکستان کی ترقی کا نام ہے۔ بینر آویزاں کرنا لوگوں کا نواز شریف کے لیے محبت اور یکجہتی کا اظہار ہے۔ نومولود تحریک انصاف کو بالغ نظر ہونا ہو گا۔ واضح رہے پاناما کیس کا فیصلہ آج سپریم کورٹ کی جانب سے سہہ پہر 2 بجے سنایا جائے گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں