دورہ انگلینڈ کیلئے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں حیران کن مناظر

دورہ انگلینڈ کیلئے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں حیران کن مناظر
کیپشن: دورہ آئرلینڈ، انگلینڈ کیلئے پاکستان ٹیم کا تربیتی کیمپ،فوٹو بشکریہ یاہو

لاہور: دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کیلئے پاکستان ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے جس میں کھلاڑی جوش و خروش سے حصہ لے رہے ہیں اور خود کو انگلینڈ کے مشکل ٹور کیلئے تیار کر رہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کی زیادہ تر توجہ فخر زماں اور لوئرآرڈر بیٹسمینوں پر رہی جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستان ٹیم منیجمنٹ دورہ آئرلینڈ و انگلینڈ میں ٹاپ آرڈر کی ناکامی کی صورت میں نچلے نمبروں کے بلے بازو ں کو تیار کر رہی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: کرس گیل نے ٹی 20 کرکٹ میں ایک اور سنچری اسکور کر ڈالی
 
فخر زماں نے ٹاپ گرین وکٹ پر طویل پریکٹس سیشن کے دوران بڑے اسٹروکس کھیلنے کے بجائے دفاعی اور زمینی شاٹس کھیلنے کی بھرپور مشق کی۔ وہ کراس بیٹ سے کھیلنے سے گریز کرنے کی مشق کرتے رہے جبکہ راحت علی کو ڈیڑھ گھنٹے تک بیٹنگ کی پریکٹس کرائی گئی جبکہ لیگ اسپنر شاداب خان اور فاسٹ بولر حسن علی بھی بولنگ کے بجائے بیٹنگ کی زیادہ پریکٹس کرتے رہے۔ پاکستانی اسکواڈ میں موجود چار ہزار سے زائد ٹیسٹ رنز بنانے والے واحد بلے باز اظہرعلی نے بھی بیٹنگ کی بھرپور پریکٹس کی جبکہ اسد شفیق اور بابر اعظم بھی بیٹنگ پریکٹس میں خاصے مشغول رہے۔ بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے انہیں انگلش کنڈیشنز میں کھیلنے کے حوالے سے ٹپس بھی دیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: نوازشریف ، مریم نواز کی 7 دن حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد
  واضح رہے کہ شاداب خان اسپن بولنگ کے ساتھ ساتھ اچھی بیٹنگ بھی کر لیتے ہیں جنہیں حالیہ پی ایس ایل 3 کے دوران بھی اوپری نمبروں پر کھلایا گیا تھا۔ اس طرح حارث سہیل نے بھی بیٹنگ کے ساتھ ساتھ بولنگ کی بھرپور مشق کی۔ یاسر شاہ کے ان فٹ ہوجانے کے سبب حارث سہیل سے دورے میں اسپن بولنگ کا بھی کام لیا جانا ہے جس نے سری لنکا کے خلاف گزشتہ سیریز میں پانچ وکٹیں حاصل کرکے سلیکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ کا اعتماد حاصل کیا تھا۔ تربیتی کیمپ کے دوران کھلاڑیوں نے وارم اپ اور فٹنس ڈرلز پر بھرپور پسینہ بہایا جبکہ وہ شارٹ رننگ کے بعد جمپ کی پریکٹس بھی کرتے دکھائی دیئے۔

تمام کھلاڑیوں کو کمر میں رسی ڈال کر آگے بھاگنے کی مشق بھی کرائی گئی۔ فیلڈنگ کوچ اسٹیورکسن نے کھلاڑیوں کو بیٹ سے ٹکرا کر اچانک اچھل کر آنے والے سلپ کیچز کی پریکٹس کرائی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں