کراچی میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف سیاسی جماعتیں سڑکوں پر نکل آئیں

کراچی میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف سیاسی جماعتیں سڑکوں پر نکل آئیں
کیپشن: image by facebook

کراچی : کراچی میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف سیاسی جماعتیں بھی باہر نکل آئیں ، پی ایس پی نے کے الیکٹرک ہیڈ آفس کا گھیرائو کیا ، مصطفیٰ کمال نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ مصنوعی ہے ، جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پر چیف جسٹس آف پاکستان سے از خود نوٹس لینے کی اپیل کر دی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں لوڈ شیڈنگ کا عذاب بڑھنے لگا ، سیاسی جماعتیں بھی کے الیکٹرک کے خلاف میدان میں آ گئیں ، پاک سر زمین پارٹی نے کے الیکٹرک ہیڈ آفس کا گھیراؤ کیا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ مصنوعی پیدا کیا گیا، کے الیکٹرک رویہ تبدیل کرے ، جماعت اسلامی نے بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور اووربلنگ کے خلاف پریس کلب کے باہر  احتجاج کیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کے الیکٹرک مافیا بن چکا ہے ، چیف جسٹس لوڈ شیڈنگ کے مسئلہ پر ازخود نوٹس لیں۔دوسری جانب گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس نے بھی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے ، پانی اور باردانہ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تین روز کا الٹی میٹم دے دیا۔