امریکا کی پاکستان کو موسمیاتی سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت

امریکا کی پاکستان کو موسمیاتی سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت
کیپشن: امریکا کی پاکستان کو موسمیاتی سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا احتجاج رنگ لے آیا ہے اور امریکا  نے پاکستان کو ورچوئل موسمیاتی سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دے دی۔

امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے ماحولیات جان کیری نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کو خط لکھا ہے۔

جان کیری کا امریکی صدر کی جانب سے ملک امین اسلم کو اجلاس میں اظہار خیال کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اجلاس کا مقصد موسمیاتی بحران کے خلاف مشترکہ عالمی کوششوں کو مضبوط بنانے کی راہیں تلاش کرنا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ سربراہ اجلاس کے موقع پرپیرس معاہدے کے تحت امریکا 2030 کیلئے پر عزم ہدف پیش کرے گا، موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ترین ممالک کے سربراہان کوبھی اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ملک امین اسلم وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی ہیں جبکہ ان کا درجہ وفاقی وزیر  کے برابر ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے امریکا کے صدر جوبائیڈن نے عالمی کانفرنس کا اعلان کیا ہے جس میں دنیا بھر سے 40 سربراہان مملکت کو مدعو کیا گیا ہے۔ یہ ورچوئل سمٹ 22 اور 23 اپریل کو ہوگی جس کی میزبانی امریکا کرے گا۔

امریکا کی جانب سے جن ممالک کے سربراہان مملکت کو دعوت دی گئی ہے، اُس میں چین، روس، کینیڈا، جاپان، برطانیہ، بھارت، بنگلادیش، ویتنام، انڈونیشیا، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کینیا، نائیجیریا اور بھوٹان سمیت دیگر شامل ہیں۔

امریکی صدر کی جانب سے جن ممالک کو دعوت دی گئی اُن میں پاکستان شامل نہیں تھا۔