ٹی ایل پی سے معاہدے نے بعض سیاستدانوں کا ملک دشمن ایجنڈا ناکام بنادیا: راجہ بشارت

ٹی ایل پی سے معاہدے نے بعض سیاستدانوں کا ملک دشمن ایجنڈا ناکام بنادیا: راجہ بشارت
کیپشن:   ٹی ایل پی سے معاہدے نے بعض سیاستدانوں کا ملک دشمن ایجنڈا ناکام بنادیا: راجہ بشارت سورس:   file

لاہور:  وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے  ٹی ایل پی کے ساتھ سمجھوتا طے  پانے پر کہا ہے کہ ٹی ایل پی کے ساتھ معاملات طے پانا ملک وقوم کے لیے خوش آئند ہے۔سمجھوتے کی بدولت چند دن سے پائی جانے والی مخدوش صورتحال کا خاتمہ ہوا ہے

نیونیوز کے مطابق اپنے بیان میں وزیر قانون نے کہا کہ عوام  کو آمدورفت اور نقل وحرکت کے حوالے سے موجود شدید مشکلات ختم ہوئی ہیں۔ختم نبوت پر پختہ عقیدے کے بغیر کسی مسلمان کا ایمان مکمل نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان واحد سربراہ جنہوں نے توہین رسالت کا مسئلہ پہلے بھی موثر انداز میں عالمی سطح پر اجاگر کیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ٹی ایل پی کے ساتھ جو فیصلے ہوئے ہیں ان پر فریقین ہر ممکن عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔

راجہ بشارت نے کہا کہ ایسے مشکل حالات میں اپوزیشن کا سیاست چمکانا ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔ختم نبوت کا مسئلہ سیاسی نہیں بلکہ ہمارے دین اور ایمان کا لازمی جزو ہے۔ٹی ایل پی کے ساتھ حکومتی سمجھوتے نے بعض سیاستدانوں کا ملک دشمن ایجنڈا ناکام بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی مہذب معاشرے میں قانون کی عملداری کو مقدم سمجھا جاتا ہے۔اپوزیشن کوملک وقوم کی سلامتی کے خلاف  کسی بھی مسئلہ پر حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔

واضح رہے کہ وزیر قانون  راجہ بشارت تحریک لبیک پاکستان سے مذاکرات کرنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔مذاکراتی ٹیم میں وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر مذہبی امور نور الحق قادری اور گورنر پنجاب چودھری سرور شامل تھے۔