نیویارک: واشنگٹن اور ماسکو میں کشیدگی کے باوجود روسی صدر نے ماحولیات کے بحران پر ہونے والی کانفرنس میں شرکت کرنے پر اتفاق کر لیا ہے ۔
دونوں ممالک کی ایک دوسرے کے اداروں پر پابندیوں اور سفارتکاروں کو ملک بدر کرنے کے بعد تعلقات میں کشیدگی ہے اس کے باجود روسی صدر نے ماحولیات کے بحران پر ہونے والی ورچوئل کانفرنس سے خطاب کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے ۔ اس کانفرنس میں کئی دیگر عالمی رہنما بھی شرکت کریں گے ۔
واضح رہے کہ کانفرنس میں شرکت کے لئے امریکی صدر جوبائیڈن کے مشیر کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے ماحولیات تبدیلی ملک امین اسلم کو دعوت دی گئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق ملک امین اسلم کانفرنس کے ایک سیشن میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے ، ملک امین اسلم ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور وزیراعظم کے بلین ٹری منصوبے سمیت کلین گرین منصوبوں پر آگاہ کریں گے ۔
امین اسلم وزرا کی سطح پر ہونے والے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے ، وزرا کی سطح پر ہونے والا اجلاس 23 اپریل کو ہوگا ۔
یاد رہے کہ امریکی صدر کی طرف سے عالمی کانفرنس میں شرکت کے لئے چالیس ممالک کے سربراہان کو دعوت دی گئی ہے ۔ پاکستانی وزیراعظم یا صدر کو اس کانفرنس میں شریک کی دعوت نہیں دی گئی ۔