زمبابوے کے خلاف ٹی 20 سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کا فیصلہ

زمبابوے کے خلاف ٹی 20 سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کا فیصلہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم انتظامیہ نے زمبابوے کے خلاف ٹی 20 سیریز کے دوران سینئر کھلاڑیوں کو آرام دے کر ان کی جگہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ نے زمبابوے کے خلاف ٹی 20 سیریز کے دوران روٹیشن پالیسی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت سینئر کھلاڑیوں کو آرام دے کر ان کی جگہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا جائے گا۔ 

پاکستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ 21 اپریل کو ہو گا اور ذرائع کا کہنا ہے کہ اس میچ کیلئے شاہین شاہ آفریدی کی جگہ حسن علی ٹیم میں شامل ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم جونیئر کے بھی ڈیبیو کا امکان ہے جبکہ فاسٹ باؤلر محمد حسنین تینوں میچز کیلئے ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ 

ذرائع کے مطابق بائیں ہاتھ کے جارح مزاج اوپننگ بلے باز شرجیل خان اور نوجوان بلے باز دانش عزیز بھی ایکشن میں نظر آئیں گے جبکہ جنوبی افریقہ کیخلاف عمدہ کارکردگی دکھانے والے محمد رضوان کو آرام دیا جائے گا۔ 

واضح رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ 21 اپریل کو ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلا جائے گا اور بقیہ میچز بھی اسی گراؤنڈ پر ہوں گے جس کیلئے پاکستانی ٹیم نے ٹریننگ کا آغاز بھی کر دیا ہے۔