احتجاج کے باعث جڑواں شہروں میں معطل میٹروبس سروس کل سے دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ

احتجاج کے باعث جڑواں شہروں میں معطل میٹروبس سروس کل سے دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث جڑواں شہروں کے درمیان معطل کی جانے والی میٹروبس سروس کل سے بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق احتجاج کے باعث 12 اپریل کو راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان معطل کی گئی میٹرو بس سروس کل بدھ کے روز سے دوبارہ شروع کی جائے گی۔ میٹرو بس سروس صدر راولپنڈی سے پاک سیکرٹریٹ تک چلے گی، صدر راولپنڈی تا فیض آباد سروس قبل ازیں کورونا کے باعث جبکہ فیض آباد سے پاک سیکرٹریٹ تک احتجاج کے باعث بند کردی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق احتجاج کے باعث میٹرول بس سروس کی مکمل بندش کے باعث منصوبے کو دو ملین روپے کا نقصان پہنچا ہے۔ مظاہرین کی جانب سے لیاقت باغ اور کمیٹی چوک میٹرو سٹیشنز پر آٹومیٹک دروازوں، شیشوں، سینسرز، ٹف پیورز وغیرہ کو نقصان بھی پہنچایا گیا تھا۔ 
واضح رہے کہ چند روز قبل مذہبی جماعت کے سربراہ کی گرفتاری کے بعد اسلام آباد سمیت ملک بھر کے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کے باعث ناصرف نظام زندگی متاثر ہوا بلکہ پولیس اہلکاروں کی شہادتوں کیساتھ ساتھ مظاہرین کے جانی نقصان کی بھی اطلاعات ملیں تاہم گزشتہ شب حکومت اور مذہبی جماعت کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کے بعد احتجاجی مظاہرے ختم کر دئیے گئے ہیں۔