حکومت اعلیٰ تعلیمی اداروں کی بہتری پر توجہ دے: FAPUASA

حکومت اعلیٰ تعلیمی اداروں کی بہتری پر توجہ دے: FAPUASA

لاہور ( نئی بات رپورٹ) فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن (FAPUASA) کا کہنا ہے کہ حکومت اعلیٰ تعلیمی اداروں کی بہتری پر توجہ دے اور ان یونیورسٹیوں کو خاطر خواہ فنڈز فراہم کرے جو شدید مالی بحران کا شکار ہیں۔

پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کی ترقی میں جامعات نے کلیدی کردار ادا کیا ہے اور اس کی خود مختاری کو کمزور کرنے کی کسی بھی کوشش کے دور رس منفی نتائج برآمد ہوں گے۔ ہم حکومت اور پارلیمنٹ کے ارکان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ملک میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی اقدام سے گریز کریں۔18ویں آئینی ترمیم کے مطابق اعلیٰ تعلیم کے معیارات وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مشترکہ تسلط کے طور پر مشترکہ مفادات کی کونسل کے پیش نظر آتے ہیں۔ اسی لئے کوئی ترمیم صوبائی حکومتوں سے مشاورت کے بغیر نہیں کی جاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ترمیم ضروری ہے توFAPUASA سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کی جانی چاہئے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے سے متعلق کوئی بھی فیصلہ مشاورتی عمل کے ذریعے کیا جانا چاہئے اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیا جانا چاہئے۔ اس طرح کے باہمی تعاون کے ذریعے ہی ہم پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کی بہتری کو یقینی بنا سکتے ہیں۔