فرانس میں حملہ آوروں کی ٹرین پر فائرنگ

فرانس میں حملہ آوروں کی ٹرین پر فائرنگ

پیرس :فرانس کے نیمی ریلوے اسٹیشن پر حملہ آوروں نے ٹرین پر فائرنگ کر دی جس کے بعد پولیس نے اسٹیشن کا محاصرہ کر لیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس میں نیمی ریلوے اسٹیشن پر حملہ آوروں نے ایمسٹرڈیم سے پیرس جانے والی ٹرین پر فائرنگ کر دی تاہم ابتدائی طور پر کسی بھی شخص کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

ریلوے اسٹیشن پر 3 حملہ آوروں کی موجودگی کی بھی اطلاع ہے جس کے بعد پولیس نے ریلوے اسٹیشن کو خالی کرا کے شہریوں کو دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ پولیس نے ریلوے اسٹیشن کا محاصرہ کر کے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے جب کہ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں دہشت گردی کے خدشے کو رد نہیں کیا جا سکتا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران یورپ میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔ گزشتہ روز بارسلونا میں دو حملے ہوئے جن میں 14 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوئے جب کہ فن لینڈ میں بھی چاقو سے حملے میں ایک شخص ہلاک ہوا۔ اس کے علاوہ گزشتہ روز جرمنی میں بھی چاقو سے حملہ کیا گیا جب کہ روس میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا۔