نیب نے شہباز شریف کو آشیانہ کرپشن کیس میں آج طلب کر لیا

 نیب نے شہباز شریف کو آشیانہ کرپشن کیس میں آج طلب کر لیا
کیپشن: شہباز شریف سے پنجاب پاور کیس میں غیر قانونی تقرری کے حوالے سے بھی انکوائری کی جائے گی۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: نیب لاہور نے آشیانہ اقبال اور پنجاب پاور کیس میں شہباز شریف کو بیان دینے کے لئے طلب کر لیا۔ نیب لاہور نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج طلب کیا ہے۔ ڈی جی نیب شہزاد سلیم اتوار کے روز بھی اپنے آفس پہنچے اور شہباز شریف کی پیشی کے حوالہ سے انتظامات کا جائزہ لیا۔

نیب نے شہباز شریف کو پنجاب لینڈ ڈیویلپمنٹ کمپنی کے تحت بنائی گئی آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں 19 کروڑ 30 لاکھ روپے کے گھپلے اور کیس میں گرفتار فواد حسن فواد کے انکشافات کی روشنی میں بلایا ہے۔ شہباز شریف سے پنجاب پاور کیس میں غیر قانونی تقرری کے حوالے سے بھی انکوائری کی جائے گی۔

شہباز شریف پر الزام ہے کہ انہوں نے مستحق ٹھیکیدار چوہدری لطیف کا ٹھیکہ منسوخ کر کے لاہور کاسا کو ٹھیکہ نوازا جس سے قومی خزانے کو 19 کروڑ 30 لاکھ روپے نقصان پہنچا جب کہ آشیانہ اقبال کا ٹھیکہ ایل ڈی اے کو دینے سے قومی خزانے کو 71 کروڑ 50 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔