تامل ناڈو کے کالجز میں موبائل فون پر پابندی

تامل ناڈو کے کالجز میں موبائل فون پر پابندی
کیپشن: اب اسٹوڈنٹس کو موبائل فون رکھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔۔۔۔فائل فوٹو

چنئی: بھارتی ریاست تامل ناڈو کے تمام کالجز میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی لگا دی گئی ہے جبکہ طالب علموں نے اس اقدام کو رجعت پسندانہ قرار دیا ہے۔

بھارتی ٹی وی کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف کالجیٹ ایجوکیشن کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تامل ناڈو کے تمام کالجز میں موبائل فون پر پابندی عائد کر دی گئی ہے لہٰذا اب اسٹوڈنٹس کو موبائل فون رکھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

چنئی میں ایک نجی کالج کی پرنسپل کا کہنا ہے کہ کیمرہ فون کا غلط استعمال کیا جاتا ہے۔ طلبہ خواتین فیکلٹی ممبرز کی ویڈیو بنا کر اُسے سوشل میڈیا پر شیئر کر دیتے ہیں۔

پرنسپل کا مزید کہنا ہے کہ ایسے تعلیمی ادارے جہاں لڑکے اور لڑکیاں ساتھ پڑھتے ہیں اور طالبات اپنے ساتھی طلباء کے ساتھ ویڈیو بنوا لیتی ہیں اور جن کا بعد میں غلط استعمال کیا جاتا ہے۔

طالب علموں نے اس اقدام کو رجعت پسندانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ڈیجیٹل بھارت ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن دیکھیں ہم کیا کر رہے ہیں۔ ایک طالبہ کا کہنا ہے کہ کلاسز کے دوران موبائل فون پر پابندی درست ہے لیکن مکمل پابندی سمجھ سے باہر ہے۔