وزیراعظم عمران خان کی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

وزیراعظم عمران خان کی کابینہ نے حلف اٹھا لیا
کیپشن: حلف برداری کے بعد وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس بھی آج ہی طلب کیا گیا ہے۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی وفاقی کابینہ میں شامل وزراء کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی۔ 16 رکنی وفاقی کابینہ کے ارکان نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا اور صدر ممنون حسین نے کابینہ ارکان سے حلف لیا۔

حلف برداری کے بعد وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس بھی آج ہی طلب کیا گیا ہے جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنی معاشی ، اقتصادی اور سماجی پالیسیوں سے متعلق وزراء کو آگاہ کریں گے۔

وفاقی کابینہ میں شامل فروغ نسیم کو وزارت قانون و انصاف، اسد عمر کو وزارت خزانہ، پرویز خٹک کو وزارت دفاع، شاہ محمود قریشی کو وزارت خارجہ، شیخ رشید احمد کو وزارت ریلوے ، فواد چوہدری کو وزارت اطلاعات اور غلام سرور خان کو وزارت پیٹرولیم ڈویژن کا قلمدان دیا گیا ہے۔

اسی طرح طارق بشیر چیمہ کو وزارت ریاستی سرحدی امور (سیفران) ، نورالحق قادری کو وزارت مذہبی امور و ہم آہنگی، خالد مقبول صدیقی کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونی کیشن، شفقت محمود کو فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ و نیشنل ہسٹری، زبیدہ جلال کو وزارت دفاعی پیداوار، شیریں مزاری کو انسانی حقوق کا قلمدان دیا گیا ہے۔

عمران خان کی کابینہ میں 5 مشیر بھی شامل ہیں جن میں محمد شہزاد ارباب کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، عبدالرزاق داؤد کو کامرس، ٹیکسٹائل، انڈسٹری پروڈکشن اور انویسٹمنٹ، ڈاکٹر عشرت حسین کو ادارہ جاتی اصلاحات، امین اسلم کو موسمیاتی تبدیلی اور بابر اعوان کو پارلیمانی امور کا مشیر لگایا گیا ہے۔