عمران خان کی تقریر کا خورشید شاہ نے لالو پرساد کی تربیت سے موازنہ کردیا

عمران خان کی تقریر کا خورشید شاہ نے لالو پرساد کی تربیت سے موازنہ کردیا
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی تقریر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی قومی اسمبلی میں بطور وزیراعظم تقریر سے ایسا لگا کہ جیسے ان کی تربیت لالوپرساد نے کی ہو۔

تفصیلات کے مطابق سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان کی قومی اسمبلی میں پہلی تقریر سے بہت مایوسی ہوئی، عمران خان کی تقریر وزیراعظم کی تقریر نہیں تھی بلکہ نومنتخب وزیراعظم کی تقریر سے لگا کہ وہ بھاٹی چوک پر جلسہ کررہے ہیں، ہمیں امید نہیں تھی کہ عمران اتنی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے۔

سید خورشید شاہ نے مزید کہا کہ عمران خان نے اپنی تقریر میں دھمکیاں دیں اور کنٹینر کی ترغیب دی اگر یہ نیا پاکستان ہے تو پھر اللہ اس پر رحم کرے،عمران خان قائد اعظم کو اپنا آئیڈیل کہتے ہیں لیکن ان سے کچھ نہیں سیکھا،عمران خان کی تقریر سے لگا جیسے کہ ان کی تربیت لالو پرساد نے کی ہو۔