وزیراعظم کا قوم سے خطاب،اوورسیز پاکستانی بھی میدان میں آگئے

وزیراعظم کا قوم سے خطاب،اوورسیز پاکستانی بھی میدان میں آگئے
کیپشن: ویڈیو سکرین شاٹ

نیویارک: گزشتہ روز وزیراعظم پاکستان عمرا ن خان کی جانب سے کئے گئے پہلے خطاب کو خوب سراہا جارہا ہے اور عوام کی جانب سے کافی خوشی اور امید کا اظہار بھی کیا جارہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے گذشتہ روز کے خطاب نے نہ صرف پاکستانی عوام بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بھی پذیرائی حاصل کی اور تمام پاکستانیوں نے عمران خان کے لہجے اور ان کے انداز کو بے حد پسند کیا۔ پوری پاکستانی قوم نے وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم عمران خان کے خطاب کے بعد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا رد عمل بھی سامنے آیا۔


امریکہ میں 10 سال سے مقیم پاکستانی نژاد ڈاکٹر نے اپنی جائیداد بیچ کر پاکستان آنے کا فیصلہ کر لیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ویڈیو میں مذکورہ شخص نے بتایا کہ میرا نام ڈاکٹرعمران ہے اور میں امریکہ میں دس سال سے مقیم ہوں اور یہاں فزیشن کے طور پر کام کر رہا ہوں۔ ڈاکٹر عمران نے بتایا کہ میں امریکہ میں نیونیٹولوجی کے اندر ریجنل ڈائریکٹر بھی ہوں۔


اب سے کچھ دیر قبل میں نے اپنے وزیراعظم عمران خان کا خطاب سنا، جس میں انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی بڑھ چڑھ کر اپنے ملک کی ترقی کے لیے ایک اہم کردار ادا کریںتو میں آپ تمام لوگوں کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں نے فیصلہ کر لیا ہے اور میں پاکستان واپس آ رہا ہوں۔ میں آ کر اپنے ملک کی خدمت کروں گا۔ ڈاکٹر عمران نے کہا کہ امریکہ میں میرا جھیل کنارے گھر ہے ، میری یہاں جتنی بھی جائیداد ہے میں وہ بیچ کر سارے ڈالرز پاکستان لاؤں گا۔


اور اپنے ملک کو موجودہ مسائل سے مل کر نکالیں گے۔ ڈاکٹر عمران نے کہا کہ میری اہلیہ بھی یہاں فزیشن ہیں ، اور میں نے ان کو بھی نوکری سے استعفیٰ دینے کا کہہ دیا ہے۔ میں اور میرا پورا خاندان یہاں سب کچھ چھوڑ کر اپنے ملک کی خدمت کرنے کے لیے واپس آ رہے ہیںاور میری امید ہے کہ باقی اوورسیز پاکستانی بھی اپنے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔


کیونکہ اللہ نے ہمیں یہ موقع دیا ہے اور اس میں سب لوگوں نے مل کر اس ملک کو ایک عظیم ملک بنانا ہے ،پھر چاہے کوئی پاکستان میں ہے ، یا پاکستان سے باہر ہے۔ پاکستان زندہ باد۔

ویڈیو دیکھیں: