نواز شریف اڈیالہ جیل میں ایک درجن سے زائد جانوروں کی قربانی کریں گے

نواز شریف اڈیالہ جیل میں ایک درجن سے زائد جانوروں کی قربانی کریں گے
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد : سابق وزیر اعظم نواز شریف عید الاضحی جیل میں ہی منائیں گے اور قربانی کیلئے ایک درجن سے زائد جانور ذبح کریں گے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف جیل میں ایک درجن سے زائد جانوروں کی قربانی کریں گے۔ قربانی کا گوشت قیدیوں ، حوالاتیوں اور جیل ملازمین میں تقسیم کیا جائے گا۔


نواز شریف کی اڈیالہ جیل میں موجودگی کی وجہ سے عید کی نماز کے لیے خاص اہتمام کیا گیا ہے ، نماز عید کی ادائیگی کے لیے جیل کے قیدیوں کو بھی دعوت عام ہو گی جبکہ نواز شریف نماز عید کی ادائیگی کے بعد قیدیوں سے عید بھی ملیں گے۔ آج صبح احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر ایک صحافی نے سابق وزیراعظم سے کہاکہ کیا آپ عید ہمارے ساتھ منائیں گے؟ جس پر نواز شریف نے کہا کہ اللہ آپ کی زبان مبارک کرے۔


خیال رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف بھی اپنے ایک بیان میں کہہ چکے ہیں کہ نواز شریف اور مریم نواز عید اپنے اہل خانہ کے ساتھ گھر پر منائیں گے۔ تاہم اب اڈیالہ جیل میں نواز شریف کی موجودگی کے پیش نظر عیدالاضحی کی نماز کی ادائیگی کے خصوصی انتظامات کی خبریں موصول ہوئی ہیں جبکہ نواز شریف نے بھی قربانی کرنے اور گوشت قیدیوں، حوالاتیوں اور جیل ملازمین میں بانٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔


یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے جشن آزادی بھی اڈیالہ جیل میں قیدیوں کے ساتھ منائی تھی۔ نواز شریف نے رواں سال جشن آزادی جیل میں قیدیوں اور جیل ملازمین کے ساتھ منائی۔ جشن آزادی کے موقع پر سابق وزیر اعظم نواز شریف نے 10,10 پاؤنڈ کے تین کیک منگوائے اور کیک کاٹ کر جیل قیدیوں کے ساتھ ہی اڈیالہ جیل میں یوم آزادی کا جشن منایا۔