الیکشن کمیشن کی نادرا کو ووٹنگ کیلئے اوورسیزپاکستانیوں کی رجسٹریشن کی ہدایت

الیکشن کمیشن کی نادرا کو ووٹنگ کیلئے اوورسیزپاکستانیوں کی رجسٹریشن کی ہدایت
کیپشن: اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ووٹنگ پر اجلاس ہوا جس میں نادرا حکام نے بھی شرکت کی۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات میں ووٹنگ کے لیے نادرا کو اوورسیز پاکستانیوں کی رجسٹریشن کی ہدایت دے دی۔الیکشن کمیشن آفس میں سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کی زیرصدارت ضمنی انتخابات میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ووٹنگ پر اجلاس ہوا جس میں نادرا حکام نے بھی شرکت کی۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق نادرا کو تمام اوورسیز پاکستانیوں کی رجسٹریشن کی ہدایت دے دی گئی جو یکم تا 15 ستمبر تک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی پلاننگ کر لی گئی ہے۔ رجسٹرڈ ہونے والے ووٹرز اکتوبر کے ضمنی انتخابات میں ووٹ ڈال سکیں گے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ کا حق تسلیم کرتے ہوئے انہیں ضمنی انتخابات میں ووٹ ڈالنے سے متعلق حکم جاری کیا تھا۔