نواز،مریم کا نام ای سی ایل میں ،حسن،حسین اور اسحاق ڈار قومی مجرم واپس لایا جائیگا:فواد چودھری

نواز،مریم کا نام ای سی ایل میں ،حسن،حسین اور اسحاق ڈار قومی مجرم واپس لایا جائیگا:فواد چودھری
کیپشن: ویڈیو سکرین شاٹ

اسلام آباد:وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ حسین نواز ،حسن اور اسحاق ڈار قومی مجرم ہیں انہیں واپس لایا جائے گا،کابینہ نے گستاخانہ خاکوں کی مذمت کی ہے جبکہ ہالینڈ کے سفیر کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے نوازشریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دے دی۔وزیراعظم ہاؤس میں عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں نئی کابینہ کے ارکان نے شرکت کی جس میں ملک کی معاشی صورت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ملکی معیشت اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی زیرغور آئی اور اس دوران وزارت خزانہ اور پلاننگ کے حکام نے کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دی جب کہ وزیراعظم نے معاشی، اقتصادی اور سماجی پالیسیوں سے متعلق وزراءکو آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے خطاب میں پیش کردہ نکات اور وعدوں پر عمل درآمد کے ٹاسک سونپ دیئے۔اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے وزراءکو وزارتوں میں سادگی اور انتظامی اخراجات کم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

وزیراطلاعات فواد چودھری نے حلف اٹھانے کے بعد پہلی مرتبہ میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ نوازشریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی ہے۔فواد چودھری نے کہا کہ ہم عارف علوی کو آرام سے صدرمملکت منتخب کرالیں گے،اسحاق ڈار،حسن ، حسین نوازکووطن لا کر عدالت میں پیش کرنے کی متعلقہ عدالتوں کو ہدایت کردی گئی ہے جبکہ تحریک انصاف کی دوصوبوں میں حکومت اورایک میں مخلوط حکومت ہے،اسحاق ڈاراوردیگر قانون کے سامنے پیش ہوں اورمقدمات کاسامنا کریں۔

وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ کسی وزیرکے بیرون ملک سرکاری خرچ پرعلاج کی سہولت واپس لے لی گئی ،وزیراعظم ہاؤس کی88گاڑیوں کونیلام کیاجائےگا،بڑی سرکاری رہائشگاہوں کا جائزہ لینے کیلئے اسدعمر کی زیرنگرانی کمیٹی بنائی گئی ہے،دیگر صوبوں کوہدایات جاری کرینگے امیدہے کہ صوبائی حکومت عمل کرے گی،وزیراعظم نے وزرا کے بیرون ملک دوروں کو محدودکردیا اوربہت زیادہ مجبوری نہ ہوتووزیراعظم بھی 3 ماہ تک بیرون ملک نہیں جائینگے جبکہ کوئی وزیرسرکاری خرچ پربیرون ملک علاج نہیں کراسکے گا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں فروغ نسیم وزارت قانون و انصاف، اسد عمر وزیر خزانہ، پرویز خٹک وزیر دفاع، شاہ محمود قریشی وزیر خارجہ شامل ہیں۔وفاقی کابینہ میں شیخ رشید احمد وزیر ریلوے، فواد چوہدری وزیر اطلاعات، غلام سرور خان وزارت پیٹرولیم ڈویڑن اور خسرو بختیار منصوبہ بندی اور اصلاحات کے وزیر ہیں۔