اگر ایشیا کپ کھیلنا ہے حفیظ میڈیا کو خبریں دینے کے بجائے کھیل پر توجہ مرکوز کریں

 اگر ایشیا کپ کھیلنا ہے حفیظ میڈیا کو خبریں دینے کے بجائے کھیل پر توجہ مرکوز کریں
کیپشن: فوٹو فائل

لاہور: اگلے ماہ سے متحدہ عرب امارت میں ہونے والے ایشیا کرکٹ کپ کے لیے قومی کرکٹرز پوری طرح تیار ہیں اور وہ چار روزہ فٹنس کیمپ کے لیے ایبٹ آباد بھی جائیں گے ۔اس ٹورنا منٹ میں سینئر کھلاڑی محمد حفیظ کی شمولیت کے حوالے سے بڑے سوالات کھڑے ہو رہے ہیں تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ محمد حفیظ کی ٹورنامنٹ کے لیے سلیکشن ان کے رویے سے مشروط کردی گئی ہے ۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق آل راؤنڈر محمدحفیظ کے ساتھ میٹنگ کر کے واضح کرنا چاہتے ہیں کہ وہ میڈیا کو خبریں دینے کے بجائے کھیل پر توجہ مرکوز کریں۔پی سی بی بھی ان کے رویے سے دلبرداشتہ ہے۔ذرائع کے مطابق محمد حفیظ کو کہا جائے گا وہ ٹیم کا حصہ ہیں اور سوشل میڈیا اور میڈیا میں جاکر سلیکشن کمیٹی اور بورڈ کو متنازع بنانے سے گریز کریں۔

واضح رہے کہ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں محمد حفیظ کی اے کیٹگری سے بی کیٹگری میں تنزلی کردی گئی تھی جس پر انہیں شدید تحفظات تھے۔جواب میں محمد حفیظ نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ہمیشہ عزت اور جذبے کے ساتھ پاکستان کے لیے کھیلا ہوں، کبھی پیسے کے لیے نہیں کھیلا، عزت کے ساتھ کھیلنا چاہتا ہوں، ملک کی خدمت کرنا چاہتا ہوں چاہے سی کیٹیگری میں ہوں یا ڈی میں۔