کشمیریوں پر ظلم کا مقدمہ ہر فورم پر پیش کرتے رہیں گے، فردوس عاشق اعوان

کشمیریوں پر ظلم کا مقدمہ ہر فورم پر پیش کرتے رہیں گے، فردوس عاشق اعوان
کیپشن: عالمی برادری بھارتی اقدامات اور کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کر رہی ہے، فردوس عاشق اعوان۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارت یک طرفہ اقدامات سے حقائق تبدیل کر سکتا ہے اور نا ہی دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک سکتا ہے۔

اپنے ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور خطے میں امن کے لیے صدر ٹرمپ کا مصالحانہ کردار خوش آئند ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے جس طرح دنیا میں کشمیر کا مقدمہ پیش کیا قوم کو اس پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارتی اقدامات اور کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کر رہی ہے جبکہ سلامتی کونسل کے اجلاس سے بھارتی دعوے کی نفی ہوئی کہ کشمیر اس کا اندرونی معاملہ ہے۔ بھارت یک طرفہ اقدامات سے حقائق تبدیل کرسکتاہے اور نا ہی دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک سکتا ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بھارتی ناانصافیوں اور کشمیریوں پر ظلم کا مقدمہ ہر فورم پر پیش کرتے رہیں گے۔ ہر فورم پر بھارت کو اس کے ظلم و بربریت کا آئینہ دکھائیں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ حق خودارادیت کی جدوجہد میں پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ آزادی کی صبح تک کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رہے گی۔