مقبوضہ کشمیر میں 16 ویں روز بھی بدستور کرفیو نافذ

مقبوضہ کشمیر میں 16 ویں روز بھی بدستور کرفیو نافذ
پابندیوں کے باعث وادی میں دواؤں اور کھانے پینے کی اشیا کی قلت ہے، کے ایم ایس۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست کو لگائے گئے کرفیو کو 16 روز ہو گئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کرفیو کے باعث مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ، فون اور ٹی وی نشریات بدستور بند ہیں جب کہ حریت رہنما اور سیاسی رہنما بھی گھروں یا جیلوں میں بند ہیں۔


کے ایم ایس کے مطابق کرفیو اور دیگر پابندیوں کے باعث وادی میں دواؤں اور کھانے پینے کی اشیا کی قلت ہے۔

کرفیوکے باوجود سری نگر سمیت مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کا بھارت مخالف احتجاج جاری ہے جس پر قابض بھارتی فوج نے پیلٹ گن کا استعمال کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ وادی کے مخصوص علاقوں میں اسکول کھلنے کے باوجود خالی رہے اور وادی کی موجودہ صورتحال پر والدین نے بچوں کو اسکول بھیجنے سے انکار کر دیا۔