وزیراعظم نے پولیو کیسز کی تعداد میں اضافے کا نوٹس لے لیا

وزیراعظم نے پولیو کیسز کی تعداد میں اضافے کا نوٹس لے لیا
image by twitter

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے ملک میں پولیو کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے اجلاس طلب کر لیا ہے ، کے پی کے میں سب سے زیادہ 70 فیصد کیس رپورٹ ہوئے ہیں ۔


رواں برس کے 8 ماہ کے عرصے میں ملک بھر میں پولیو کے 53 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ 2018 میں رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 12 اور 2017 میں 8 تھی۔

رواں برس اب تک رپورٹ ہوئے کیسز میں سے 41 خیبرپختونخوا اور اس کے قبائلی اضلاع، 5 پنجاب، 4 بلوچستان جبکہ 3 کیسز کا تعلق سندھ سے ہے۔

اجلاس میں تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز، عالمی عطیات دہندگان تنظیموں، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او)، بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن، روٹری انٹرنیشنل، مسلح افواج اور دیگر کو مدعو کیا گیا جبکہ پولیو کیسز میں اضافے کے پیشِ نظر خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کو خصوصی طور پر دعوت دی گئی ہے۔

اس حوالے سے وزارت صحت کے ایک عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ بڑھتے ہوئے ملک میں پولیو کیسز کی سب سے بڑی وجہ عوام کی مزاحمت ہے۔

ان کا کہنا تھا اس مسئلے کا واحد حل یہی ہے کہ عوام کے تحفظات کو دور کیا جائے ماضی میں لوگوں نے اسے حرام قرار دیا تھا لیکن حال ہی میں بنوں سے سامنے والے اعلان سے ظاہر ہوتا ہے کہ پولیو مہم پر دباؤ ڈالنے کے لیے ایسے حربے استعمال کیے گئے۔

دوسری جانب وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے انسداد پولیو مہم بابر بن عطا کا کہنا تھا کہ بدھ کے روز ہونے والے اجلاس میں اس بات پر غور کیا جائے گا کہ عوام کو اس مسئلے کے حوالے سے کس طرح آگاہ کیا جائے۔