مصباح الحق کی کوچنگ میں 18 کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ شروع

مصباح الحق کی کوچنگ میں 18 کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ شروع
image by twitter

لاہور:پاکستانی کرکٹ ٹیم کے 11 کرکٹرز سمیت اٹھارہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ شروع کر دیئے گئے ، 2 روزہ فٹنس ٹیسٹ کے بعد کھلاڑی 22 اگست سے 7 ستمبر تک کنڈیشننگ کیمپ میں شرکت کریں گے جس کی ذمہ داری قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کو دی گئی ہے۔


کرکٹرز کو فٹنس ٹیسٹ سے پہلے لیکچر دیا گیا ، قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر حسن علی شادی کے باعث ٹریننگ کمپ 26 اگست کو جوائن کریں گے۔

اس کے علاوہ شاداب خان بھی حسن علی کی شادی میں شرکت کے لیے تین روز کی چھٹی پر ہیں جبکہ اظہر علی انگلش کاؤنٹی سمرسیٹ سے معاہدہ مکمل کرنے کے بعد 24 اگست کو کیمپ جوائن کریں گے۔

پی سی بی کی جانب سے بابراعظم، فخر زمان، عماد وسیم، محمد عباس اور محمد عامر کو کاؤنٹی سیزن کے باعث کیمپ میں شرکت سے چھوٹ دی گئی ہے۔سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل عابد علی، اسد شفیق، اظہر علی، حارث سہیل، حسن علی، امام الحق اور محمد رضوان کو طلب کیا گیا ہے۔

کپتان سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، عثمان شنواری، وہاب ریاض اور یاسر شاہ کو بھی کیمپ میں بلایا گیا ہے, نان سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں میں آصف علی، بلال آصف، افتخار احمد، میر حمزہ، راحت علی اور ظفر گوہر بھی فٹنس ٹیسٹ دیں گے۔