مودی نے مقبوضہ کشمیر پر نہیں، امت مسلمہ پر حملہ کیا، بلاول بھٹو

 مودی نے مقبوضہ کشمیر پر نہیں، امت مسلمہ پر حملہ کیا، بلاول بھٹو
Image Source: Bilawal Bhutto Twitter Account

گلگت بلتستان: بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ مودی سرکارنے  صرف مقبوضہ کشمیر پر نہیں بلکہ امت مسلمہ پر حملہ کیاہے۔ کشمیر کا مقدمہ بھٹو شہید کے فلسفے کے مطابق لڑینگے۔ 


 

تفصیلات کے مطابق ، پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی سرکارنے  صرف مقبوضہ کشمیر پر نہیں بلکہ امت مسلمہ پر حملہ کیاہے۔ سب کو مل کر اس کا جواب دینا چاہیے۔

 

بلاول بھٹو نے اپنی تقریر میں وزیراعظم عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کٹھ پتلی وزیر اعظم میں وہ صلاحیت نہیں ہےکہ وہ کشمیریوں  کے لئے آواز اٹھا سکے۔ وزیراعظم آج اپنے ملک میں میڈیا پر پابندی لگا کر کشمیر میں میڈیا پر پابندی کی بات کرتاہے جو اپنے مخالفین کو گرفتار کرے وہ مودی کو کیسے کہہ سکتا ہے؟

چئیرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وزیر اعظم نے عورتوں کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔ بغیر کوئی وجہ بتائے مریم نواز اور فریال تالپور کو گرفتار کیا گیا ہے۔  اس قسم کے بزدلانہ اور اوچھے ہتھکنڈوں سے ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔ نواز شریف میرا سیاسی مخالف ہے، مگر سیاسی مخالف کو بلیک میل کرنا بزدلی ہے۔70 سالہ نواز شریف کو بیٹی سمیت جیل میں ڈالنا بزدلی ہے۔

انہوں  نے کہا کہ جو ظلم ہمارے ساتھ کرنا ہے وہ کرے مگر غریب عوام کے ساتھ ظلم برداشت نہیں کرینگے۔ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا مگر 10 لاکھ نوجوانوں کو بے روزگار کردیا۔

 

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ کسان، مزدور اور غریب کا معاشی استحصال کیا جارہاہے۔ جو 50 لاکھ گھر بنانے والے تھے وہ لوگوں کے گھر توڑ توڑ رہے ہیں۔

 

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی پی پی نے غریب کے حقوق کا خیال رکھا۔ الیکٹیڈ آپ کے ووٹوں سے آتے ہیں ان کو آپ کے مسائل کا ادراک ہوتا ہے مگر سلیکٹیڈ کو کوئی احساس نہیں ہوتا ہے۔