ٹرمپ کی صدارت کے دوران دنیا میں امریکہ کا وقار بری طرح متاثر ہوا، براک اوباما

ٹرمپ کی صدارت کے دوران دنیا میں امریکہ کا وقار بری طرح متاثر ہوا، براک اوباما

واشنگٹن: امریکہ کے سابق صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ امریکہ کی صدارت کے ساتھ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا سلوک ایک ریالٹی شو جیسا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق براک اوباما نے گزشتہ روز فلاڈلفیا میں میوزیم آف امریکن ریوولوشن سے براہ راست ڈیموکریٹ نیشنل کنونشن سے خطاب کے دوران ریپبلکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ صدر کے عہدے کے لیے موزوں نہیں ہیں کیونکہ وہ ملک کو صحیح طریقے سے نہیں چلا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے صدر ٹرمپ کو کام میں دلچسپی رکھتے ہوئے نہیں دیکھا اور نہ ہی ملک کے مجموعی مفادات میں ان کی دلچسپی دیکھی ہے کیونکہ انہیں کسی کی بھی مدد کرنے میں نہیں بلکہ اپنی اور اپنے دوستوں کو فائدہ پہنچانے میں دلچسپی ہے۔ جہاں تک صدارت سے متعلقہ امور کے ساتھ ان کا سلوک ایسا ہے تو وہ ایک ریالٹی شو جیسا ہے جس میں شریک لوگ محض دوسروں کی توجہ حاصل کرنے کی خواہش کے تحت کام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی صدارت ہمارے لیے انتہائی بری ثابت ہوئی ہے جس کے ہمیں سنگین نتائج بھگتنا پڑے ہیں جس سے دنیا میں ہمارے ملک کا وقار بری طرح متاثر ہوا ہے اور ہمارے جمہوری ادارے اس سے پہلے کبھی بھی خطرے میں نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت مطلب پرستی، جھوٹ اور سازشی نظریات پر مبنی ہے۔

انہوں نے امریکی شہریوں پر زور دیا کہ وہ 3 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں ووٹ کے ذریعے صدر ٹرمپ کو شکست دیں اور اپنی جمہوریت اور طاقت کو بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جوبائیڈن کی مکمل حمایت کرتے ہیں ۔