مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد سرچ آپریشن کےنام پر3نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد سرچ آپریشن کےنام پر3نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے نام نہاد آپریشن کی آڑ میں تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔

مبینہ آپریشن کپواڑہ اور شوپیاں میں کیا گیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 2نوجوانوں کو ہندواڑہ کے علاقے کرالگنڈ میں شہید کیا گیا ہے۔ 

قابض  بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں کے علاقے مولو میں بھی نام نہاد آپریشن کی آڑ میں ایک نوجوان کو شہید کیا ہے۔اطلاعات ہیں کہ بھارتی قابض فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں ضلع شوپیاں کے ایک گھر سے 4کشمیریوں کو گرفتار بھی کیا ہے۔ پونچھ اور رمبان کے علاقوں سے 2نہتے کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

اس سے قبل بھی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے جعلی مقابلے کے دوران 3 مزدوروں کو شہید کر دیا تھا۔  تینوں مزدوروں کو بھارتی فورسز کی جانب سے 18 جولائی کو جعلی مقابلے میں شہید کر کے تدفین کر دی گئی تھی جو کام کی تلاش میں سرینگر گئے تھے۔

قابض بھارتی فوج کی بربریت کے خلاف کل جماعتی حریت کانفرنس نے ہڑتال کی کال دی اور شہید ہونے والے تینوں مزدوروں کے اہلخانہ نے ڈی این اے ٹیسٹ کا مطالبہ کیا تھا۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

رواں ماہ کے آغاز میں بھارتی قابض فوج نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوری میں دو کشمیریوں کو شہید کر دیا تھا۔