اسلام آباد ہائی کورٹ'فیصل واوڈا کو نااہلی درخواست پر دوبارہ نوٹس، 17ستمبر کو جواب طلب

اسلام آباد ہائی کورٹ'فیصل واوڈا کو نااہلی درخواست پر دوبارہ نوٹس، 17ستمبر کو جواب طلب

اسلام آباد :ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل محمد فیصل واوڈا کو نااہلی درخواست پر دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے 17ستمبرکو جواب طلب کر لیا۔ دوران سماعت  فیصل واوڈا کی جانب سے کوئی وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوا۔

دوران سماعت جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ کیا ا خبار میں اشتہار جاری کر دیں؟یہ لوگ آئینی عدالت کو اتنا آسان کیوں لیتے ہیں؟دوران سماعت الیکشن کمیشن اور وفاق کے نمائندے عدالت میں پیش ہوئے ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جواب جمع کروادیا گیا۔

جواب میں بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن میں بھی فیصل واوڈا کی نااہلی کے لئے دائر درخواستیں زیر التواء ہیں ، درخواستوں پر فریقین سے جواب طلب کررکھا ہے،جبکہ دو جون کو فیصل واوڈاکے وکیل نے درخواستیں مستردکرنے کی استدعا کی ، فیصل واوڈا نے مئوقف اپنایا کہ الیکشن ایکٹ2017کے تحت درخواستیں غیر مئوثر ہو چکی ہیں ، فیصل واوڈا کی نااہلی کے لئے سندھ ہائی کورٹ میں بھی درخواست زیر التواء ہے۔ عدالت نے فیصل واوڈا کو نااہلی درخواست پر دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے 17ستمبر کو جواب طلب کر لیاہے۔