پی آئی اے نے کابل فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا اعلان کر دیا، آج 2 طیارے روانہ ہوں گے

پی آئی اے نے کابل فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا اعلان کر دیا، آج 2 طیارے روانہ ہوں گے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) نے افغانستان میں پھنسے غیر ملکی مسافروں کو پاکستان لانے کیلئے کابل فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کر دیا ہے اور آج 2 طیارے افغان دارالحکومت بھیجے جائیں گے۔ 
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ اے خان کا کہنا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن پی آئی اے کے 2 طیارے آج صبح اسلام آباد سے کابل کیلئے روانہ ہوں گے اور اس سلسلے میں افغان اتھارٹیز اور کابل ائیرپورٹ انتظامیہ سے بات چیت بھی ہو گئی ہے، یہ دونوں طیارے مسافروں کو لے کر آج ہی وطن واپس آ جائیں گے۔ 
واضح رہے کہ مغربی دنیا کے متعدد ممالک نے اپنے شہریوں کو کابل سے نکالنے کیلئے پاکستان سے رابطہ کیا تھا جبکہ اقوام متحدہ نے عملے کے 500 سے زائد افراد کو کابل سے نکالنے کیلئے پاکستان سے درخواست کی ہے۔
پاکستان نے افغانستان سے پہنچنے والے غیر ملکیوں کو آن ارائیول ویزا کی سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے اور اس خصوصی مشن کیلئے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی اب تک 3 پروازیں کابل سے اسلام آباد پہنچ چکی ہیں۔
یاد رہے کہ یورپی ممالک کی درخواست پر پی آئی اے انتظامیہ نے روزانہ کی بنیاد پر 3 بوئنگ 777 طیارے کابل بھیجنے کا اعلان کیا تھا اور خصوصی آپریشن کے پہلے مرحلے میں پی آئی اے کے دو طیارے کابل پہنچے تھے جو کابل ایئرپورٹ پر افرا تفری اور ہنگامہ آرائی کے باعث بمشکل وطن واپس پہنچنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ 
بعد ازاں حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کابل کی انتظامیہ کی جانب سے افغانستان کی فضائی حدود بند کر دی گئی تھی اور کابل ایئرپورٹ پر کمرشل پروازوں کی لینڈنگ بھی روک دی گئی تھی تاہم بدھ کی دوپہر انتظامیہ کی جانب سے کابل ایئرپورٹ کو کمرشل پروازوں کیلئے کھولنے کا اعلان کیا گیا تو پی آئی اے کی پرواز اسلام آباد سے فوری طور پر کابل پہنچ گئی تھی جو سیکیورٹی اور انتظامی وجوہات کی بنیاد پر رات کو ٹیک آف نہ کرسکی اور آج صبح اسلام آباد پہنچی ہے۔
بعد ازاں پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ آج مزید کوئی پرواز کابل بھیجنے کا فیصلہ نہیں ہوا ہے اور جوں ہی صورتحال واضح ہو گی تو پی آئی اے اپنی اگلی حکمت عملی کا اعلان کرے گی تاہم آج انہوں نے بتایا ہے کہ پی آئی اے کے 2 طیارے اسلام آباد سے کابل روانہ ہوں گے اور اس سلسلے میں افغان اتھارٹیز اور کابل ائیرپورٹ انتظامیہ سے بات چیت ہو گئی ہے۔