کسی نے مداخلت کی تو اس کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں گے: ترجمان طالبان

کسی نے مداخلت کی تو اس کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں گے: ترجمان طالبان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کابل: افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ہم دنیا کے تمام ممالک کیساتھ دوستانہ تعلقات رکھنا چاہتے ہیں لیکن اگر کسی نے مداخلت کی تو اس کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں گے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ طالبان کسی بھی ملک کے خلاف دشمنی کے جذبات نہیں رکھتے، افغان عوام طالبان کیساتھ مل کر کام کریں اور بہترین نظام بنانے میں مدد کریں۔ 
قبل ازیں ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ہم نے ابھی تک کسی ملک سے تجارت کرنے سے متعلق بات نہیں کی ہے جبکہ غیر ملکیوں کے انخلا میں غیر ملکی افواج کی مدد کے وعدے کی پاسداری کر رہے ہیں اور اس کیساتھ افغانوں کو بھی ملک چھوڑنے کیلئے محفوظ راستہ دے رہے ہیں۔ 
واضح رہے کہ افغان طالبان نے کابل فتح کرنے کے 4 روز بعد افغانستان میں اسلامی حکومت تشکیل دینے کا اعلان کر دیا ہے اور اس کیساتھ ہی ’دَافغانستان اسلامی امارت“ کے جھنڈے اور سرکاری نشان کی تصویر بھی شیئر کر دی ہے۔ 
افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں افغانستان اسلامی امارات کے قیام کا اعلان کیا۔ اسی ٹویٹ میں انہوں نے ”دَ افغانستان اسلامی امارت“ کے جھنڈے اور سرکاری نشان کی تصویر بھی شیئر کی ہے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے بیان میں کہا کہ افغانستان پر برطانیہ کے متنازعہ تسلط کے 102 سال بعد وہاں امارت اسلامی کی بنیاد رکھی گئی ہے۔19 اگست کا دن ہر سال ”نو آبادیاتی سپر طاقتوں سے آزادی کے دن“ کی حیثیت سے منایا جائے گا۔