مسافروں کو رخصت اور استقبال کیلئے ائیرپورٹ آنے والوں پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ

مسافروں کو رخصت اور استقبال کیلئے ائیرپورٹ آنے والوں پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ

لاہور: حکومت نے مسافروں کو رخصت اور استقبال کیلئے ائیرپورٹ پر آنے والوں پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اب یہ افراد ائیرپورٹ ٹرمینل بلڈنگ تک جا سکیں گے۔ 

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے رات گئے لاہور ائیرپورٹ کا اچانک دورہ کیا اور ائیرپورٹ پر مسافروں کی مشکلات کم کرنے کیلئے جاری ہدایات پر عمل کا جائزہ لیا۔ 

وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کو بتایا گیا کہ مسافروں کی سہولت کیلئے چیک پوسٹ پر تیسری لائن شروع کر دی گئی ہے جس سے مصروف اوقات میں گاڑیوں کی طویل قطاروں میں کمی آئے گی۔

اس موقع پر خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ائیرپورٹ پر ایک مسافر ایک فرد کی پابندی کو ختم کیا جا رہا ہے اور اب مسافروں کے عزیز و اقارب ائیرپورٹ ٹرمینل بلڈنگ تک جا سکیں گے۔

وفاقی وزیر کو یہ بھی بتایا گیاکہ لاہور ائیرپورٹ کے ڈومیسٹک لاؤنجز کا رات 10 سے صبح 5 بجے تک انٹرنیشنل لاؤنجز کے طور پر استعمال شروع کر دیا گیا ہے جس سے بین الاقوامی پروازوں کیلئے رش کم کرنے میں مدد ملے گی۔ 

وفاقی وزیر نے ہدایات دیں کہ مسافروں کی آمدورفت کیلئے عرصہ دراز سے بند برقی سیڑھیوں کو فی الفور چلایا جائے جبکہ مسافروں کی سہولت کیلئے امیگریشن عملے کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔

مصنف کے بارے میں