آئندہ برس ایک بڑی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی، نجم سیٹھی

پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ آئندہ سال ایک بڑی ٹیم پاکستان آئے گی اللہ کرے کہ حالات ٹھیک رہیں

آئندہ برس ایک بڑی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی، نجم سیٹھی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ آئندہ سال ایک بڑی ٹیم پاکستان آئے گی اللہ کرے کہ حالات ٹھیک رہیں۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیرمین ایگزیکٹو کمیٹی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آنے والی ہے اور آئندہ برس دنیائے کرکٹ کی ایک بڑی ٹیم پاکستان آئے گی اور لاہور میں میچ کھیلے گی جب کہ پی ایس ایل کی بھی تیاریاں مکمل ہیں. بس دعا ہے کہ پاکستان کے حالات بہتر رہیں اور کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ برسبین ٹیسٹ جیسے میچ کم ہی دیکھنے کو ملتے ہیں پاکستان ٹیم کی شاندار کارکردگی کی بدولت زبردست کم بیک ہوا اور میچ انتہائی سنسنی خیز اور دلچسپ بن گیا لیکن بدقسمتی سے کامیابی حاصل نہ ہوسکی تاہم ناکامی کے باوجود پاکستان ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیسٹ کرکٹ کے کپتان مصباح الحق پاکستان کا اثاثہ ہیں اور ٹیم میں رہنے یا ریٹائرمنٹ کا فیصلہ وہ خود کریں گے۔
چیرمین ایگزیکٹو کمیٹی کا کہنا تھا کہ بھارت چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے ساتھ ضرور کھیلے گا اور وہ کبھی بھی نہیں چاہے گا کہ پاک بھارت میچ نہ ہوں کیوں کہ روایتی حریفوں کے درمیان ہونے والے میچ سے آئی سی سی کو 20 فیصد زائد منافع ہوتا ہے۔