فیوچر ٹور پروگرام، پی سی بی نے مزید میچز حاصل کر لیے

فیوچر ٹور پروگرام، پی سی بی نے مزید میچز حاصل کر لیے

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے مئی 2019 سے مئی 2023 کے دوران نئے فیوچر ٹور پروگرام کے لئے مزید میچز حاصل کر لیے ہیں۔ رواں ماہ کے دوسرے ہفتے میں سنگاپور میں ہونے والی ورکشاپ کے دوران آئی سی سی کے رکن ممالک نے فیوچر ٹور پروگرام پیش کیا جس میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان نے مزید میچز حاصل کر لیے ہیں۔

اس سے قبل پی سی بی کے فیوچر ٹور پروگرام کے حوالے سے کہا جا رہا تھا کہ پاکستان مئی 2019 سے مئی 2023 کے دوران مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے گا جس میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں۔ تاہم اب 4 سال کے لئے نئے فیوچر ٹور پروگرام میں پاکستان کو مئی 2019 سے مئی 2023 کے دوران 121 میچز دیے گئے ہیں جن میں 30 ٹیسٹ، 43 ون ڈے اور 48 ٹیسٹ میچز شامل ہیں لیکن اب تک یہ واضح نہیں کہ پاکستان اپنے ایکسٹرا میچز کس ملک کے خلاف کھیلے گا۔ پی سی بی کا نیا فیوچر ٹور پروگرام آئندہ برس فروری میں آئی سی سی رکن ممالک کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

پاکستان کے نئے ایف ٹی پی کے بعد گرین شرٹس کے مقابلوں کی تعداد آسٹریلیا (123)، بنگلادیش (124)، جنوبی افریقا (122) اور نیوزی لینڈ (119) کے قریب تک پہنچ گئی ہے۔ فیوچر ٹور پروگرام میں سب سے زیادہ 151 میچز بھارت کے لئے ترتیب دیے گئے ہیں جن میں 37 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 53 ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں۔

گزشتہ فیوچر ٹور پروگرام ( مئی 2014 سے مئی 2019) کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان 19 میچز کا معاملہ اب تک آئی سی سی کی ڈسپیوٹ کمیٹی کے سامنے زیرسماعت ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں