پیر میں ہلکا فریکچر، جنید خان نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز سے آؤٹ

پیر میں ہلکا فریکچر، جنید خان نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز سے آؤٹ

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کو اہم دورے سے قبل بڑا دھچکہ لگا ہے۔ لیفٹ آرم فاسٹ بولر جنید خان پائوں میں ہلکا ہیئرلائن فریکچر کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ پاؤں کی اسکین رپورٹ منگل کو پی سی بی کو ملی جس میں جنید خان کو چھ ہفتے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔ جنید خان کی جگہ آل راؤنڈر عامر یامین پاکستانی ٹیم میں شمولیت کے مضبوط امیدوار ہیں۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے میڈیکل پینل کو جنید خان کی فٹنس رپورٹ منگل کو مل گئی ۔ جس میں انہیں مکمل فٹ ہونے کے لئے چھ ہفتے کا وقت دیا گیا ہے۔

جنید خان پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیکل پینل کے پاس لاہور کی قومی اکیڈمی میں زیر علاج ہیں ۔ جنید خان بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے دوران ان فٹ ہوئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جنید خان کی جگہ عامر یامین کی شمولیت کا حتمی فیصلہ کوچ مکی آرتھر کے مشورے سے کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امام الحق کے پاؤں میں بننے والے فنگس کی تکلیف میں افاقہ ہوا ہے اور وہ نیوزی لینڈ کی ون ڈے سیریز کی ٹیم میں شامل ہوں گے۔

نیوزی لینڈ کے دورے کے کیمپ کے لئے پاکستان کے بیس کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان اگلے ایک دو دن میں کر دیا جائے گا۔ کیمپ سے قبل22 دسمبر کو لاہور میں کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کیمپ میں اوپنر اظہر علی اور محمد حفیظ شرکت نہیں کریں گے۔ دونوں جمعرات سے نیشنل اسٹیڈیم میں قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں شرکت کریں گے۔

اظہر علی اور محمد حفیظ سوئی ناردرن گیس کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اظہر علی اور حفیظ کا فٹنس ٹیسٹ فائنل میچ کے بعد ہوگا۔ پاکستانی ٹیم 26 اور 27 دسمبر کو لاہور سے روانہ ہو گی۔ اس سے قبل تین دن کے کیمپ میں کھلاڑی سیریز کی تیاری کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی حکام کا خیال ہے کہ کھلاڑیوں کو کیمپ سے بہتر ہے کہ وہ میچ پریکٹس حاصل کریں۔ فائنل ختم ہوتے ہی دونوں کھلاڑی لاہور جا کر فٹنس ٹیسٹ دیں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں