میں اور میرا خاندان ماضی میں بھی احتساب کا سامنا کر چکا ہے ، نواز شریف

میں اور میرا خاندان ماضی میں بھی احتساب کا سامنا کر چکا ہے ، نواز شریف
کیپشن: مقدمات مفروضوں اور اندازوں پر مبنی ہیں لہٰذا اپنا فیصلہ اللہ اور عوام کی عدالت پر چھوڑ دیا ہے۔۔۔۔۔نواز شریف۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: پارلیمنٹ ہاؤس میں مسلم لیگ (ن) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میرے ہاتھ بالکل صاف ہیں اور میں نے سیاست کو کرپشن نہیں خدمت کا ذریعہ بنایا۔ میں اور میرا خاندان ماضی میں بھی احتساب کا سامنا کر چکا اور سرخرو ہو چکا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے خلاف مقدمات کی وجوہات عوام جانتے ہیں اور تمام مقدمات مفروضوں اور اندازوں پر مبنی ہیں لہٰذا اپنا فیصلہ اللہ اور عوام کی عدالت پر چھوڑ دیا ہے۔

دوسری جانب اجلاس کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس سے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ پارٹی اجلاس میں تنظیم سازی سے متعلق فیصلے کیے گئے۔ ان فیصلوں کے سیاست پر دور رس اثرات ہوں گے اور پاکستان کو فائدہ ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ (ن) لیگ کی جب حکومت آئی ترقی کو آگے بڑھایا ہے اور ہم نے ملک سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی ختم کی۔ موٹروے بنائے اور ملک میں سی پیک لائے اور ہمارے دور میں ہونے والی ترقی کو غیر ملکی بھی مانتے ہیں۔ ہمارے دور میں پاکستان نے معیشت اور دفاع سمیت ہر شعبے میں ترقی کی، (ن) لیگ کی حکومت نے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے لوگوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے اور اس سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے جبکہ ہمارے دور میں مہنگائی کی کمر توڑی گئی لیکن موجودہ حکومت نے مہنگائی کر دی۔ 10 ہزار میں ملنے والا راشن اب 16 ہزار میں ملتا ہے اور غریب آدمی کو سمجھ نہیں آ رہا کیا کرے۔