حکومت اور اپوزیشن کو 20،20 قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی ملے گی

حکومت اور اپوزیشن کو 20،20 قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی ملے گی
کیپشن: اپوزیشن میں مسلم لیگ (ن) کو 9، پیپلز پارٹی اور ایم ایم اے کو 10 قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی ملے گی۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے ان کے چیمبر میں ملاقات کی جس میں قائمہ کمیٹیوں کے امور پر مشاورت اور اپوزیشن جماعتوں میں کمیٹیوں کی سربراہی کی تقسیم پر غور کیا گیا۔

قائمہ کمیٹیوں کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں جس کے تحت حکومت اور اپوزیشن کو یکساں یعنی 20، 20 قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی ملے گی۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن میں مسلم لیگ (ن) کو 9، پیپلز پارٹی اور ایم ایم اے کو 10 قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی ملے گی۔

اپوزیشن کے درمیان مشاورت جاری ہے کہ کس اپوزیشن جماعت کو کس قائمہ کمیٹی کی سربراہی دی جائے تاہم شہباز شریف کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بنانے پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومت کو قانون وانصاف کی قائمہ کمیٹی کی چیئرمین شپ دیے جانے پر بھی اتفاق کر لیا گیا ہے اور ریاض فتیانہ کو کمیٹی کا چیئرمین بنایا جائے گا۔