عالمی وبا نے پاکستان میں پنجے گاڑ لئے، مزید 80 افراد جاں بحق

Global pandemic engulfs Pakistan, 80 more die
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: عالمی وبا نے پاکستان میں پنجے گاڑ لئے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 80 افراد کی اموات کے بعد ملک میں اس موذی مرض کے ہاتھوں جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 9 ہزار 330 ہو چکی ہے۔

نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 37 ہزار 206 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے دو ہزار چھ سو بازہ نئے کیسز سامنے آئے۔

این سی او سی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان میں عالمی وبا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 57 ہزار 288 ہو چکی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں عالمی وبا کے 3 ہزار 179 نئے مریض سامنے آئے تھے جبکہ صوبہ سندھ اور پنجبا میں سب سے زیادہ ہلاکتیں رپورٹ کی گئی تھیں۔

گزشتہ روز موذی مرض کا شکار ہو کر اپنی جانوں کی بازی ہارنے والے افراد میں سے 45 مریض وینٹی لیٹرز پر تھے۔

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے پاکستان میں وبائی صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام سے بارہا اپیل کی جاتی رہی ہے کہ وہ اس موذی وبا سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر (ایس او پیش) کو لازمی اختیار کریں کیونکہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو خطرہ بہت بڑھ جائے گا۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عالمی وبا سے تدارک کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں لیکن عوام کی جانب سے دوسری لہر کے دوران کسی قسم کا تعاون دیکھنے میں نہیں آ رہا۔ عوام حالات کی نزاکت کا ادارک نہیں کر پا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کی احتیاط سے ہی اس مرض کو شکست دی جا سکتی ہے۔ تاہم ایسا نہ ہوا تو صورتحال کشیدہ ہونے کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے، پھر مجبوراً حکومت کو سخت پابندیاں لگانا پڑ سکتی ہیں۔