پاکستانی باکسر عثمان وزیر دوبارہ ایشین باکسنگ چیمپئن بن گے

Pakistani boxer Usman Wazir will again become the Asian Boxing Champion
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے انھیں چیلنج کرنے والے انڈونیشین حریف بی ایس لوپز کو ٹیکنیکل ناک آؤٹ کرکے دوربارہ ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ گورنر سندھ کی جانب سے ان کیلئے ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا گیا۔

عثمان وزیر اور بی ایس لوپز کے درمیان مقابلے کو لاکھوں لوگوں نے ٹیلی وژن کے ذریعے براہ راست دیکھا جبکہ موقع پر بھی شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس فائٹ کو دیکھنے گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی خصوصی طور پر پہنچے تھے۔

یہ دلچسپ مقابلہ 10 راؤنڈ پر مشتمل تھا۔ دونوں باکسرز نے ایک دوسرے پر خوب مکے بازی کی اور اپنے جوہر دکھائے تاہم عثمان وزیر کا پوری فائٹ میں پلڑا بھاری رہا۔ انہوں نے چھٹے راؤنڈ میں انڈونیشین حریف بی ایس لوپز کو ٹیکنیکل ناک آؤٹ کرکے چاروں شانے چت کردیا۔ ان کا دوران فائٹ گھٹنہ مڑ گیا تھا جس کی وجہ سے وہ مقابلہ جاری نہ رکھ سکے۔

مقابلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان وزیر کا کہنا تھا کہ اس فائٹ میں گورنر سندھ اور لیجنڈ باکسر حسین شاہ کی موجودگی میرے لئے باعث توانائی رہی اور میرا مورال بڑھتا رہا۔ میری یہ فتح پاکستان کی فتح ہے۔

عثمان وزیر کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ملک پاکستان کیلئے مزید فتوحات حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں۔ انھیں پوری امید ہے کہ وہ یوتھ ورلڈ ٹائٹل حاصل کرکے اپنے ملک کا نام روشن کرینگے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ میں عثمان وزیر کی فائٹ دیکھنے کیلئے خصوصی طور پر یہاں آیا تھا۔ پاکستانی اور انڈونیشن کھلاڑیوں کی فائٹ دیکھنے کا بہت مزہ آ رہا تھا، میری خواہش تھی کہ فائٹ مزید چلتی تاہم چھٹے راؤنڈ میں بی ایس لوپز ٹیکنیکل ناک آؤٹ ہو کر رنگ سے باہر ہو کر یہ مقابلہ ہار گئے۔ مجھے پوری امید تھی کہ یہ فائٹ عثمان وزیر ہی جیتیں گے۔