شاداب خان کی کپتانی ناکام، نیوزی لینڈ نے ٹی ٹونٹی سیریز جیت لی

Shadab Khan's captaincy failed, New Zealand won the T20 series
کیپشن: فائل فوٹو

ہیملٹن: پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں محمد حفیظ کی شاندار بلے بازی کی بدولت 163 رنز بنائے تھے۔ تاہم کیویز نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر یہ ہدف حاصل کرکے سیریز اپنے نام کرلی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سیفرٹ کامیاب بلے باز رہے جنہوں نے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے صرف 63 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 84 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

کیویز کی جانب سے میچ کھیلنے والے دیگر بلے بازوں میں کپتان کین ولیمسن بھی نمایاں رہے۔ نیوزی لینڈ کے کپتان نے 42 گیندوں کا سامنا کیا اور 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل  کی۔ انہوں نے 57 رنز بنائے۔

کیوی ٹیم کی جانب سے واحد آؤٹ ہونے والے بلے باز مارٹن گپٹل تھے جنہوں نے 11 گیندیں کھیلیں اور ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 21 رنز بنائے۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کو پہلے ہی شکست دیدی تھی۔ تاہم اس میچ میں محمد حفیظ کی بلے بازی کی بدولت پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کو اچھا ہدف دینے میں کامیاب رہ تھی۔

اس کے بعد امید ہو چکی تھی کہ گرین شرٹس یہ میچ جیت کر سیریز برابر کر دیں لیکن ایسا نہ ہو سکا۔ ٹم سیفرٹ نے ساری امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف واحد باؤلر رہے جنہوں نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ان کے علاوہ کوئی اور گیند باز کسی کیوی کھلاڑی کو آؤٹ ہی نہیں کر سکا۔

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے 99 رنز کی یادگار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کا انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی میچز میں یہ سب سے زیادہ انفرادی سکور ہے۔ محمد حفیظ اب ان تین کھلاڑیوں میں شامل ہو چکے ہیں جنہوں نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 99 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹی ٹونٹی میچ نیپر میں 22 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔