موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے:احسن اقبال

موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے:احسن اقبال


نارووال : مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے. مہنگائی اور بے روز گاری کے باعث غریب آدمی دو وقت کی روٹی کو ترس گیا ہے.انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کے خلاف اوچھے ہتھکنڈوں کو اپنا منشور بنا نے کے سوا کچھ نہیں سوچا۔

سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ پی ڈی ایم کا جلسہ لاہور میں رنگ جمانے میں اس قدر کامیاب ہوا کہ حکومت اس کو دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی اور وزاء بھی بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور وہ اپوزیشن کے خلاف مختلف نوعیت کے غلط پراپیگنڈے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے اپنے پانچ سالہ دورے حکومت میں جو ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے وہ عوام کے سامنے ہیں اور جو ترقیاتی منصوبہ جات جاری تھے ان کو موجودہ حکومت نے اپوزیشن کی آڑ میں رکھتے ہوئے روک رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ تما م ادارے پی ڈی ایم نہیں حکومت کی کارکردگی سے پریشان اور بدحالی کا شکار ہیں۔ان شاء اللہ عوام کی طاقت سے سلیکڈ حکومت کو گھر بھیجیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم تحریک عوام کی تحریک بن چکی ہے اپوزیشن اقتدار نہیں عوام کو بچانے کی جنگ لڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ آنے والے وقت میں پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت دوبارہ برسراقتدار میں آکر عوام کے لیے نئے جوش و لولہ کے ساتھ خدمت میں پیش پیش ہوگی۔کیوں کہ اسٹیبلشمنٹ اور دیگر کو اپنے ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے۔  انہوں نے کہا کہ سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کے مداخلت کے سارے دروازے بند ہونے چاہیے سیاست دان تو سیکھ چکے اب اسٹیبلشمنٹ کو سیکھنا چاہیے اس حکومت نے چند ماہ میں رخصت ہوجانا ہے۔