مضبوط مقامی حکومت کا وعدہ صرف عمران خان نے پورا کیا : فواد چوہدری

مضبوط مقامی حکومت کا وعدہ صرف عمران خان نے پورا کیا : فواد چوہدری
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مضبوط مقامی حکومت کا وعدہ صرف عمران خان نے پورا کیا ہے اور پہلی مرتبہ حکومت نے شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرائے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ’ خیبرپختونخواہ کے انتخابات دو حوالوں سے اہم ہیں۔ پہلا یہ کہ پہلی بار براہ راست تحصیل کی سطح پر براہ راست ووٹ سے منتخب نمائندوں کو اختیارات منتقل ہو رہے ہیں۔ مضبوط مقامی حکومت کا وعدہ صرف عمران خان نے پورا کیا اور دوسرا پہلی بار حکومت نے شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کروائے ہیں۔‘ 

ایک اور ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’صرف عمران خان وہ لیڈر ہیں جو اپنے سیاسی مفادات کو پس پشت ڈال کر ملک اور لوگوں کیلئے سوچتے ہیں ورنہ کتنا آسان ہے وزیراعلیٰ کی صورت میں ایک ڈکٹیٹر رکھو اور کام چلاﺅ جو پی پی پی اور (ن) کی روائت ہے۔ سندھ کے لوگ آج بھی اس روئیے کا شکار ہیں، اب پنجاب میں بھی بااختیار نظام قائم ہونے جا رہا ہے۔‘ 

واضح رہے کہ گزشتہ روزخیبر پختونخوا کی 64 تحصیلوں میں بلدیاتی انتخابات ہوئے ۔ ان انتخابات کے پہلے مرحلے میں اب تک جمعیت علمائے اسلام (ف) 64 میں سے 19 تحصیلوں میں برتری حاصل کر کے سب سے آگے ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 15 تحصیلوں میں آگے ہے۔